• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کے اعلیٰ سطح وفد کی وزیر اعظم شہباز سے ملاقات

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سر براہی میں منگل کو اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، اندرونی اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے وفد کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ بجٹ کے بعد سندھ میں گورنر شپ پر ایم کیو ایم کے مطالبے پر غور کیا جائے گا، ایم کیو ایم نے اس بات پر اصرار کیا کہ مسلم لیگ کے ساتھ معاہدے میں شامل ہے کہ گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہوگا ، ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، سید مصطفی کمال ، سید امین الحق شامل تھے جبکہ حکومتی وفد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور اعظم نذیر تارڑ شامل تھے، ملاقات میں بلدیاتی اختیارات میں اضافے کے لئے 8رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی،جس میں چار ارکان مسلم لیگ ن اور چار ایم کیو ایم کے ہوں گے جو تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقات کر کے انہیںنچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر رضامند کرے گی جس میں اپوزیشن جماعتیں بھی شامل ہیں، اس موقع پر ایم کیو ایم کے لاپتا اور اسیر کار کنوں کے حوالے سے وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کی سر براہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو فوری طور پر ان معاملات کو دیکھے گی اور جلد اس کا حل نکالنے کے لئے اقدامات کرے گی، ایم کیو ایم نے کراچی، حیدر آبادترقیاتی پیکج کے لئے کراچی کو 20اور حیدر آباد کو 5ارب روپے کی رقم فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا جس پر وزیر اعظم نے قفد کے ارکان کو مثبت یقین دہانی کرائی ہے، ملاقات میں ایم کیو ایم کے بلدیاتی حکومتوں پرمجوزہ آئینی بل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید