کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ضلع کیماڑی کے تحت سعید آباد چاندنی چوک بلدیہ ٹاؤن میں ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی و بربادی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں، ایم کیو ایم آج بھی وفاقی حکومت کا حصہ ہے اور ماضی میں بھی ہر حکومت میں شریک رہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ ایم کیو ایم کئی حصوں میں تقسیم ہو کر ختم ہو گئی ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کا کوئی مستقبل نہیں، اب اہل کراچی کو وڈیروں و جاگیرداروں اور اسٹبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم پیپلز پارٹی سے بھی جان چھڑانی ہے۔ ممبر شپ کیمپ سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، امیر ضلع کیماڑی مولانا فضل احد و دیگر نے بھی خطاب کیا، بلدیہ ٹاؤن آمد پر حافظ نعیم الرحمن کا شاندار استقبال کیا گیا۔