کراچی (اسٹاف رپورٹر) شان مسعود کا دورِ قیادت کارکردگی کے اعتبار سے تاریخی طور پر انتہائی مایوس کن رہا۔ تقریباً تین سال قبل ذمہ داری سنبھالنے والے شان مسعود نے 16 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی، جن میں سے 12 میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کپتان کو اپنے ابتدائی 16 میچوں میں سے 12 میں شکست نہیں ہوئی۔ اگرچہ پاکستان کے 10 دیگر کپتانوں نے شان مسعود سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں قیادت کی ہے، لیکن صرف مصباح الحق ہی ایسے کپتان ہیں جن کی قیادت میں ٹیم کو شان کے مقابلے میں زیادہ ناکامیاں (56 میں سے 19) دیکھنا پڑیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کو اپنے گزشتہ 7 ٹیسٹ میچوں میں بھی مسلسل شکست ہوئی ہے، جو قومی کرکٹ تاریخ میں شکستوں کا مشترکہ طور پر سب سے طویل سلسلہ ہے۔ ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچوں میں شکستوں کا تسلسل اور جیت کی پوزیشن میں ہونے کے باوجود میچ گنوا دینے کا رجحان ہی وہ وجوہات تھیں جن کی بنا پر قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔