کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پیپلز پارٹی نے 5جولائی کے مارشل لاء کیخلاف یوم سیاہ منایا، ریلی نکالی اور تقریب کا انعقاد کیا۔ پیپلز سیکرٹریٹ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی، احمد ناگوری، شرمیلا فاروقی و دیگر نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو چاہتے تو زندہ رہ سکتے تھے۔ سندھ اسمبلی تا پریس کلب نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وقار مہدی، جاوید ناگوری، تیمور سیال، نجمی عالم اور دیگر نے کہا کہ منتخب وزیر اعظم کا عدالتی قتل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ شہید بھٹو اور پیپلز پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں کو پھانسی دی گئی تحریک انصاف کے کسی کارکن کو پھانسی نہیں ہوئی اللہ نہ کرے کہ ان کو ہو مگر پیپلز پارٹی پر جو ظلم ہوا ہے وہ کسی اور جماعت کے ساتھ نہیں ہوا شہید ذوالفقار علی بھٹو چاہتے تو زندہ رہ سکتے تھے لیکن انہوں نے اپنی جان قربان کرکے ملک سے آمر کو ذلیل و رسواء کیا ، 5 جولائی کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی ۔ وہ پیپلز سیکرٹریٹ کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تحت 5 جولائی 1977 کے یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کراچی کے جنرل سیکرٹری رؤف احمد ناگوری، انفارمیشن سیکرٹری شرمیلا فاروقی، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساند، رکن قومی اسمبلی اسد عالم نیازی، حبیب جنیدی، فرحان غنی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کی تنظیم، تمام پی ایس اور یوسی کے عہدیداران، منتخب بلدیاتی نمائندے و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔