وینکوور، کینیڈا (شکیل یامین کانگا/ جنگ نیوز)فیفا ورلڈ کپ 2026شدید تنازعات کا شکار ہوتا نظر آرہا ہے۔ امریکی کھلاڑی کے ریڈ کارڈ معطلی کا معاملہ ٹھنڈا نہیں ہوا تھا کہ ارجنٹینا اور مصر کے میچ میں ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر کی کارکردگی سوالات کی زد میں آ گئی ہے۔ فیفا کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے، عالمی باڈی نے ان کی کارکردگی کا جائزہ لینےکا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ یورپی یونین پارلیمنٹ کے ارکان نے امریکی صدر کےفون پر کھلاڑی بالوگن کی معطلی ختم کرنے پر فیفا چیف کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔یوئیفا نے بھی اسے بلاجوازقرار دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیفا کے ریفری کے شعبے کے حکام لیٹیکسیئر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے جس کے بعدان سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی ورلڈ کپ کے دوران ریفریز کے خلاف شکایات سامنے آتی رہی ہیں، لیکن کسی ٹیم کے احتجاج کی بنیاد پر کسی ریفری کو باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے خارج نہیں کیا گیا۔مصری فٹبال فیڈریشن نے متنازع فیصلوں پر فیفا میں باضابطہ احتجاج جمع کروا دیا ہے۔ ادھر یورپی ارکانِ پارلیمنٹ نے صدر ٹرمپ کی مداخلت کے بعد بالوگن کے ریڈ کارڈ کی معطلی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انفانٹینو نے امریکی صدر ٹرمپ کی دوستی نبھانے کیلئے فٹ بال کی عالمی تاریخ کو مسخ کیا ہے۔