لاہور (آصف محمود بٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں بڑے پیمانے پر انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے متعدد سینئر افسران کے تبادلے اور نئی تعیناتیاں کر دی گئی ہیں، جن پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔’’جنگ‘‘ کو موصول ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز سے جاری احکامات کے مطابق یہ تقرر و تبادلے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی منظوری سے معمول کے انتظامی انتظامات کے تحت کیے گئے ہیں۔جاری کیے گئے احکامات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر (انویسٹی گیشن) سید رضوان شاہ کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے تبدیل کرکے ایف آئی اے پشاور زون کے اینٹی کرپشن سرکل (اے سی سی) میں ایڈیشنل ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایڈیشنل ڈائریکٹر (انویسٹی گیشن) محمد طاہر تنویر کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ (سی ٹی ڈبلیو) سے منتقل کرکے ایف آئی اے اکیڈمی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایڈیشنل ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔