کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیلانی ہیڈ آفس میں ہونے والےہنگامی اجلاس کے شرکاء نےکہا ہےکہ کرپٹو کرنسی کو یکسر ناجائز قرار دینا درست نہیں، سیلانی کے اعلامیہ کے مطابق کرپٹو کرنسی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے بعد سیلانی ہیڈ آفس میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس کی صدارت سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ملکی قانون منع نہ کرتا ہو تو کرپٹو کی خرید و فروخت بطورِ حق کے جائز ہے۔اجلاس میں بلاک چین سے وابستہ ماہرین کے علاوہ رئیس المفتی مفتی وسیم اختر المدنی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کرپٹو کرنسی کے جائز یا ناجائز ہونے کے حوالے سے حالیہ دنوں میں شروع ہونے والی بحث کا ازسر نو جائزہ لیا گیا ، سیلانی کے شعبہ دارلافتا ء نے رئیس المفتی مفتی وسیم اختر المدنی کی قیادت میں طویل تحقیق ،قرآن و احادیث اور اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کی روشنی میں آج سے 13ماہ پہلے ایک فتوی جاری کیا تھا جو 37 صفحات پر مشتمل ہے،جس میں ڈیجیٹل کرنسی کرپٹو کو جائز قرار دیا گیاتھا ۔