کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سی ایم ہاؤس پبلک کمپلینٹ سیل میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سی ایم ہاؤس پبلک کمپلینٹ سیل کا دورہ کیا اور شہریوں کی شکایات براہِ راست سنیں اور فون پر بھی عوام کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو شکایات کے فوری ازالے اور مؤثر کارروائی کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی واضح ہدایت ہے کہ ہر شہری کی شکایت کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے اور ہم کسی بھی شہری کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ چاہتے ہیں کہ عوام کے مسائل بروقت حل ہوں اور ہر شکایت پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ سی ایم ہاؤس پبلک کمپلینٹ سیل عوام اور حکومت کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ بن چکا ہے۔