• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت استحکام کی راہ پر گامزن، FBR کاروباری طبقے سے تعاون کرے، وزیراعظم

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے،ایف بی آر پیداوار بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کیلئے کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت بدھ کو ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے، رواں سال معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ہوگا،انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون اور جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے ایف بی آر کے سینئر افسروں کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں کراچی کا دورہ کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ ہو اور ان کے مسائل بلا تاخیر حل ہوں، وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید