اسلام آباد ( نامہ نگار خصوصی)شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نور لان بر میکبایف نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات میں تنظیم کی ترجیحات رکن ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان 2027 میں دارالحکومت اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی اور مطلوبہ مقاصد کے لیے پر عزم ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون ٹرانسپورٹ اور علاقائی رابطہ کاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقہ کار پر مفید گفتگو کی اس موقع پر علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔