کراچی (ٹی وی رپورٹ) رہنما جمعیت علمائے اسلام سینیٹر کامران مرتضی نےکہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کئی دفعہ کہہ چکے ہیں کہ فوج سب کی ہے ۔ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں حامد میر سے گفتگو کر تے ہوئے وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے مذاکرات کی دعوت دی جو تحریک انصاف کے ایڈووکیٹ شفقت عباس اعوان نے دعوت قبول کرلی۔ مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے آفس میں مذاکرات کے لئے آج اکٹھے ہونے پر اتفاق کیا۔ جبکہ میزبان حامد میر نے کہا کہ عقیل ملک اسپیکر سے رابطہ کریں گے اور میں اس کو خود بھی چیک کروں گا کہ انہوں نے رابطہ کیا ہے یا نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان میزبان حامدمیر نے کہا کہ حکومت کے وزراء کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن ’را‘ اور موساد کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ پنجاب میں مولانا فضل الرحمن کی تقریر پر مقدمات بھی درج ہوگئے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی اور گورنر خیبرپختونخوا نے مطالبہ کیا ہے کہ مولانا معافی مانگیں ۔