ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹیکا مضر صحت خوراک کی روک تھام کیلئے ملتان ڈویژن میں گرینڈ آپریشن، فوڈ سیفٹی ٹیموں نےمیٹ اینڈ پولٹری شاپس‘ معروف ریسٹورنٹس اورہوٹلوں‘ ہول سیل پوائنٹس، بیکریز اور ڈیری مینوفیکچرنگ یونٹس کی چیکنگ کی‘اس دوران متعددفوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے عائد‘ 50 کلو زائد المیعاد اشیاء اور 5 کلو باسی گوشت تلف کردیاگیا، تفصیلات کے مطابق تونسہ سٹریٹ شیر شاہ، گلشن مارکیٹ‘ ہیر والی گلی نزد پنجاب نرسری، لطیف آباد چوک، چوک گھنٹہ گھر میں 5ہوٹلوں کو ایکسپائری اشیاء کی موجودگی، کھلے مصالحہ جات کا استعمال، صفائی کے ناقص انتظامات، کچن اور واشنگ ایریا میں گندگی، گوشت کی صفائی نہ ہونے پر 1لاکھ 30ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے، اسی طرح پرانا بدھلہ روڈ اور انصاری چوک پر 3میٹ شاپس کو باسی گوشت کی موجودگی اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر 25ہزار روپے‘ ممتاز آباد ریلوے پھاٹک اور بہاولپور روڈ موٹروے چیک پوسٹ کے قریب 2 ڈسٹری بیوشن یونٹس کو سٹوریج ایریا میں حشرات کی بھرمار‘ ایکسپائری اشیاء کی موجودگی پر 35ہزار روپے اور موضع سمورانہ گلشن حبیب کالونی میں کچا پاپڑ فیکٹری کو صاف پانی کیلئے فلٹر نصب نہ ہونے، سٹوریج کیلئے کیمیکل ڈرموں کا استعمال کرنے‘ مکسچر میں حشرات پائے جانے پر 40ہزار روپے ، فٹبال چوک خانیوال اور جمال چوک میاں چنوں میں 2 فاسٹ فوڈ پوائنٹس کو ورکرز کے میڈیکل ایکسپائری ہونے، فلٹر تبدیل نہ ہونے‘ چائنہ نمک، باسی اور بدبودار سبزیوں کے استعمال پر 60 ہزار روپے، ظفر اللہ چوک جہانیاں، چوک ٹھوکر چاون کبیروالا میں 2 ڈیری شاپس کو ڈیری کریم میں حشرات پائے جانے، صفائی کے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر 45ہزار روپے اور گلشن اقبال ٹاؤن میاں چنوں میں اور لاہوڑ موڑ خانیوال پر 2 سویٹس اینڈ بیکرز کو فلٹر تبدیل نہ ہونے، غیر معیاری انڈوں کی زردی برآمد ہونے، ایکسپائری بیکری آئٹمز، حشرات زدہ خوراک کی موجودگی پر مجموعی طور پر 70 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ مزید وہاڑی میں چک 515 بوریوالا اور اڈہ میاں پکھی میں 2کریانہ سٹورز کو ایکسپائری اشیاء فروخت کرنے پر 25ہزار، 451 لاٹ بھٹیاں بوریوالا میں میرج ہال کو کھانوں میں چائنہ نمک کے استعمال پر 30 ہزار جبکہ تھانہ چوک میلسی میں بیکری کو خوراک کی تیاری میں کھلے رنگ رنگ کار اور فنگس زدہ اشیاء کی ملاوٹ کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔