کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہیڈنگلے میں پہلے ٹیسٹ سے قبل پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔ میچ میں بابر اعظم کی شرکت مشکوک ہے، انہوں نے تھرو ڈاون سے ہلکی پریکٹس کی لیکن بیٹنگ سے گریز کیا ۔ شان مسعود پہلے ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔ ٹیم انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ بابر میچ کھیلیں لیکن اس کا تمام تر انحصار ان کی فٹنس پر ہے۔ لیڈز میں موسم ٹھنڈا ہے اس لئے وہ درد بھی محسوس کررہے ہیں۔ کینٹ میں پریکٹس میچ میں انہیں دائیں ہاتھ کی انگلی کی انجری ہوئی تھی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو انجری کا نیٹ پر جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد کھیلنے یا نہ کھیلنے کے فیصلے کا امکان ہے۔ وہ فٹ نہ ہوسکے تو امکانات ہیں کہ شان مسعود یا سلمان علی آغا میں سے کوئی کپتانی کرے گا ۔ پیر کو کھلاڑیوں نے تقریباً تین گھنٹے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت مختلف ڈرلز میں حصہ لیا۔ پہلا ٹیسٹ بدھ سے شروع ہوگا۔ پاکستان کے موجودہ اسکواڈ میں ایک بھی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جسے اس آخری موقع کی واضح یاد ہو جب پاکستانی ٹیم نے وہاں سیریز اپنے نام کی۔ اگست 1996 میں پاکستان نے اوول میں نو وکٹوں سے شاندار فتح حاصل کی تھی اور دو صفر سے سیریز جیتی تھی۔ یہ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی مسلسل پانچویں اور انگلینڈ میں پر لگاتار تیسری سیریز کی جیت تھی۔ دریں اثناء فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ ہیڈنگلے میں کنڈیشن مختلف ہیں جب یہاں بادل ہوتے ہیں تو فاسٹ بولرز کو مدد ملتی ہے۔ بولرز 20 وکٹیں لیں گے تو ٹیم جیتے گی۔ پیر کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ہر کنڈیشن میں کھیلنے کا تجربہ ہے ۔ یہ تاثر غلط ہے پاکستان ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، کچھ سیشن اچھے ہوتے ہیں لیکن فنش اچھا نہیں ہو رہا ہے ۔ محمد عباس کہا کہ بابر اعظم کی شرکت کے بارے میں زیادہ پرامید نہیں ہیں۔ شان مسعود مکمل فٹ ہیں۔