کراچی (سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کی جامعات میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لئے ’’اے آئی موومنٹ‘‘ کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت ’’اے آئی فار آل، اے آئی اِن آل پروگرامز‘‘ کے عنوان سے مصنوعی ذہانت کو ہر طالب علم، تعلیمی پروگرام اور شعبے تک پہنچایا جائے گا۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد کے مطابق اس بڑے منصوبے کے لئے کروڑوں روپے کا خصوصی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جبکہ ملک بھر کی جامعات میں زیر تعلیم تقریباً 25 لاکھ طلبہ اس پروگرام سے استفادہ کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت جامعات کو ہائی پاور کمپیوٹرز، جدید انفرااسٹرکچر، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ (HPC) اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔