کراچی (افضل ندیم ڈوگر) صدر مملکت آصف علی زرداری لندن سے پاکستان واپس پہنچ گئے،صدر مملکت نے برطانیہ اور یورپ کے 13 روزہ دورے کیلئے نجی طیارہ استعمال کیا جسے پاک ون (PAK1) کال سائن الاٹ کیا گیا۔ طیارہ ایک کارپوریٹ بزنس جیٹ ہے جو معروف صنعتی گروپ کی ملکیت ہے جس کا ہیڈ آفس ملتان میں ہے۔ ذرائع کے مطابق طیارے کو کمپنی کی شرائط پر سفر کیلئے ہائر کیا گیا ۔طیارہ 26 اگست کو ملتان سے کراچی پہنچا۔ 27 اگست کو شام 4:20 بجے طیارہ پاک ون کے کال سائن سے یورپی ملک آسٹریا کے دارالحکومت ویانہ کے سفر پر روانہ ہوا جس میں صد، ان کے وفد اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ پرواز نے ری فیولنگ کیلئے قاہرہ میں سٹاپ اوور کیا۔طیارہ ویانا ایئرپورٹ پر 4 دن تک پارک رہا اور 31 ستمبر کو ویانا سے لندن کیلئے روانہ ہوا۔