ملتان(سٹاف رپورٹر) ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے سینئر رکن اور ٹیکس کنسلٹنٹ محمد اکرم خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی، گرفتاری کی بنیاد بننے والا تمام ریکارڈ وکیل کو فراہم کرنے اور گرفتاری کے فیصلے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن محمد یونس غازی کے مطابق محمد اکرم خان کو ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ان لینڈ ریونیو) لاہور کی ٹیم نے فضل سینٹر ملتان میں ان کے دفتر سے گرفتار کیا۔ محمد یونس غازی نے کہا کہ محمد اکرم خان کے خلاف مبینہ طور پر واحد الزام یہ ہے کہ ان کے دفتر کے آئی پی ایڈریس سے ایک ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ترمیم کی گئی، تاہم نوٹس میں متعلقہ شخص کا نام، استعمال ہونے والی ڈیوائس، آئی آر آئی ایس یوزر آئی ڈی، ٹیکس دہندہ یا ٹیکس سال کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محض آئی پی ایڈریس کی بنیاد پر کسی ٹیکس پریکٹیشنر کو گرفتار کرنا تشویش ناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے چیئرمین ایف بی آر اور ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ان لینڈ ریونیو) کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی ہے۔