ملتان (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد اخبار مارکیٹ کو فوری ڈی سیل کیا جائے، بصورتِ دیگر پورا جنوبی پنجاب سراپا احتجاج ہوگا، معاون خصوصی برائے سیکرٹری جنرل آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن شیخ صلاح الدین، ممبر فیڈریشن ملک عرفان اتیرا اور ممبر فیڈریشن ملک حاجی شہزاد نے اسلام آباد اخبار مارکیٹ کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) کی جانب سے سیل کیے جانے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات اور چیئرمین سی ڈی اے سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ اخبار مارکیٹ کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے اور ملک بھر کے اخبار فروشوں کے معاشی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اخبار فروش رہنماؤں نے کہا کہ اسلام آباد اخبار مارکیٹ صرف ایک مارکیٹ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے اخبار فروشوں کا گھر اور ان کیلئے ہیڈکوارٹر کی حیثیت رکھتی ہے۔ اخبار مارکیٹ کی بندش کے معاملے کو مزید طول دینے کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کریں۔ اخبار فروش رہنماؤں نے وزیراعظم پاکستان، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات اور چیئرمین سی ڈی اے سے پُرزور مطالبہ کیا کہ اسلام آباد اخبار مارکیٹ کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے،انہوں نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان عباسی، صدر اسلام آباد اخبار فروش یونین چوہدری محمد شریف اور صدر صوبہ پنجاب آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن جناب عقیل عباسی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔