ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر میں مثالی صفائی یقینی بنانے کیلئے بھرپور آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ شہر کے بازاروں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کا سمارٹ پلان نافذ کرتے ہوئے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں اور ملبہ جات کی صفائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ صفائی آپریشن کے لیے بھاری مشینری اور اضافی افرادی قوت استعمال کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران منیر نے کمپنی ورکشاپ کا دورہ کیا اور صفائی آپریشن میں استعمال ہونیوالی مشینری کا معائنہ کیا انہوں نے مشینری کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی کے انتظامات کو مزید موثر بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اور صفائی نظام میں بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور شہریوں میں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے کیلئے اینٹی لیٹرنگ سکواڈ بھی فیلڈ میں متحرک ہے۔ سکواڈ کی جانب سے تاجر برادری کو دکانوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کرنے اور صفائی برقرار رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ سی ای او عمران منیر نے کہا کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔