کراچی (جنگ نیوز) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں کٹوتی کے فیصلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کرکٹ ویسٹ انڈیز سے مالی تعاون بڑھانے کی اپیل کی ہے۔ ان کا بیان بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو، دو سے برابر کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے دورے کے آغاز سے قبل مالی دباؤ کے باعث کھلاڑیوں کے ریٹینر معاوضوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔ سیمی نے ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ کھلاڑیوں کو مناسب سہولتیں اور مالی استحکام فراہم کرنا ضروری ہے۔ بھارت کے خلاف سیریز برابر کرنا کیریبیئن ٹیم کے لیے اہم کامیابی ہے، کیونکہ وہ 2022 کے بعد بھارت کو ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے سے روکنے والی پہلی ٹیم بنی۔