کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اتوار 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے موقع پر چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منائے گا۔ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کیا جائے گا۔ پاکستان ٹیم اس موقع پر خصوصی گلابی کٹ پہنے گی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔ میچ میں گلابی اسٹمپس استعمال ہوں گی اور اسٹیڈیم کی اسکرینز اور ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔ میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل خصوصی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا، جبکہ پاکستانی کرکٹرز ویڈیو پیغامات کے ذریعے بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کریں گے۔ پی سی بی نے پنک ربن مہم کے لیے خصوصی شرٹس بھی متعارف کرائی ہیں، جو 19 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم کی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ کرکٹ کی مقبولیت کو آگاہی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ اسپتال لاہور میں 24 اور 26 اکتوبر کو شائقین کے لیے مفت اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔