کراچی (اسٹاف رپورٹر) تین ملکی سیر یز کے افتتاحی ایک روزہ میچ میں پاکستان سلمان علی آغا کی سنچری اور کپتان شاہین آفریدی کے کرارے وار کی مدد سے نے سری لنکا کو 37 رنز سے پچھاڑ دیا ۔ اتوار کو پنڈی اسٹیڈیم میں سلمان علی آغا کی شان دار سنچری نے پاکستان کو305 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ناکام ٹیم 268 رنز بناسکی۔ بابراعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں بیٹر بن گئے۔انہوں نے یہ کارنامہ 399 اننگز میں انجام دیا ہے، اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے محمد یوسف نے 388 اننگز، جاوید میانداد نے 398 اننگز، انضمام الحق نے 432 اننگز جبکہ یونس خان نے 449 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا۔ ٹاس جیت کر سری لنکا نے بولنگ کی ۔ اس کے بولرز ابتدامیں کامیابی حاصل کی مگر سلمان علی آغا نے ان کی پلاننگ کو ناکام بنادیا۔ پہلی وکٹ 23 اور دوسری وکٹ 32 رنز پر گری۔ صائم ایوب 7 اور فخر زمان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم اور سعد بیگ نے اسکور 106 تک پہنچایا۔ بابر 45 رنز جبکہ سعد بیگ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی پارٹنرشپ بنائی ۔ 215 کے مجموعے پر حسن نواز 49 گیندوں پر 37 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ چھٹی وکٹ کیلئے سلمان آغا اور عرفات منہاس نے 64 رنز جوڑے ۔ عرفات مہناس نے 18 رنز اسکور کیے ۔ مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی، انہوں نے 90 گیندوں پر 107 رنز 1 چھکا اور 10 چوکے لگاکر اسکور کیے۔ فہیم اشرف6رنز بناسکے ، کپتان شاہین آفریدی13 رنز پر ناٹ آئوٹ شاہ اور حارث روف کوئی رن نہ بناسکے۔ ایشان ملنگا نے 4، اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشان مدھوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں سری لنکا کے بیٹرز مشکلات کا شکار رہے، کامینڈو مینڈس نے50 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے44رنز بنائے، پون رتھانائیکے نے 74گیندوں پر 79رنز کی اننگز کھیلی ۔ جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے، اویشکا فرنینڈو5 ، کپتان کوسل مینڈس18 ، سہان آراچیگے نے3 رنز بنائے۔ جانتھ لیاناگے 70گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے60رنز بناکر آئوٹ ہوئے، داسن شاناکا نے28 رنز اسکور کئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے55رنز کے عوض تین ، نسیم شاہ، حارث رئوف اور فہیم اشرف نے دو ، دوشکار کیے۔ (کھیلو ں کی مزید خبریں صفحہ 2پر)