اٹلانٹا (اسپورٹس ڈیسک) 39 سالہ لیونل میسی کا جادو برقرار ہے، انہوں نے چار منٹ میں دو گول کر کے انٹر میامی کو میجر لیگ ساکر میں اٹلانٹا یونائیٹڈ کے خلاف 3-1 سے کامیابی دلا دی۔ جرمن بیراٹرامے نے 45ویں منٹ پر میامی کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں 56ویں منٹ پر میسی نے بیراٹرامے کے ساتھ پاسز کے تبادلے کے بعد ڈیفنڈر کو چکمہ دے کر نیچی شاٹ سے گول کیا، جبکہ 60ویں منٹ پر لوئس سواریز کے پاس پر جونیئر الونسو کو پیچھے چھوڑ کر دوسرا گول اسکور کیا۔ اٹلانٹا کی جانب سے واحد گول فافا پیکو نے 89ویں منٹ پر پنالٹی پر کیا۔ اب میسی کے لیگ میں گولز کی تعداد 25 ہو گئی اور وہ ڈیلس کے پیٹر موسا اور فلاڈیلفیا کے میلان اِلوسکی سے چھ گول آگے ہیں۔ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کو الوداع کہنے کے بعد تین میچوں میں ان کے چار گول ہو چکے ہیں۔ رواں سیزن وہ 25 گول اور 15 اسسٹ کر چکے ہیں اور مسلسل تیسرے ایم وی پی ایوارڈ کی دوڑ میں ہیں۔ انٹر میامی کے 55 پوائنٹس ہیں اور وہ مشرقی کانفرنس میں دوسرے نمبر پر ہے۔