کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز،12دہشتگرد ہلاک، پولیس تھانے پر حملہ،پنجپائی میں سڑک بلاک کرنے کی کوشش کے دوران پانچ دہشتگرد مارے گئے‘خضدار میں ایک دہشتگرد ہلاک، 490کلو دھماکہ خیزموادبرآمد،پسنی کے علاقے شادی کور میں بھی چھ دہشتگرد ہلاک، بھاری تعداد میں اسلحہ و ایمونیشن برآمد، تھانے پر حملے میں ایک سویلین ہلاک، پولیس اہلکار زخمی ہوا،بلوچستان بھر میں سیکورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ خضدار اور پسنی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر تین آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے12دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ میزئی اڈہ میں صدر تھانے پر نامعلوم دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی نقل و حرکت روکنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔دریں اثناضلع خضدار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے دوران 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ پسنی کے علاقے شادی کور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن برآمد کرلیا گیا،جبکہ 2 جوان زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جارہاہے۔درایں اثناء میزئی اڈہ میں صدر تھانے پر نامعلوم دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا واقعہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں ۔ جوابی کارروائی پر ملزمان فرار ہوگئے نعش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا پولیس کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر میزئی اڈہ کے قریب صدرتھانے پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا فائرنگ کے نتیجے میں جیلانی خان موقع پر جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار میر وائس خان زخمی ہوگیا واقعہ کی اطلا ع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جوابی کارروائی پر عملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا زخمی اہلکار اور نعش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔