• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلفٹن بینظیر بھٹو پارک کے قریب زیر تعمیر 25 منزلہ عمارت میں آتشزدگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن بلاول چورنگی کے قریب بینظیر بھٹو پارک کے قریب زیر تعمیر 25 منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی جو عمارت کی ساتویں منزل پر اے سی ڈکٹ سے شروع ہوکر بالائی منزلوں تک پھیل گئی اور 20ویں منزل تک پہنچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن بلاول چورنگی کے قریب کثیر المنزلہ زیر تعمیر عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، عمارت کی ساتویں منزل سے اٹھنے والے شعلے چند ہی لمحوں میں بالائی منزلوں تک پھیل گئے، ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔ ریسکیو ٹیمیں شام 5 بج کر 42 منٹ پر موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔ آگ عمارت کی بالائی منزلوں تک پھیلی تو دو فائرٹینڈرز کو ریسکیو آپریشن کیلئے طلب کیا گیا جبکہ واٹر باوزرس کے زریعے فائر ٹینڈرز کو اسنارکل کو پانی کی فراہمی بحال رکھی گئی تاکہ ریسکیو آپریشن میں کوئی خلل پیدا نا ہو۔آگ پر قابو پانے کے لیے فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں نے مختلف منزلوں پر کارروائیاں کیں۔ حکام کے مطابق عمارت زیر تعمیر ہونے کے باعث اندر کوئی فرد موجود نہیں تھا، تاہم دھوئیں کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق عمارت میں مختلف مقامات پر ڈک میں آگ لگی تھی، جس پر مکمل قابو پالیا گیا ہے۔ آپریشن میں آٹھ فائر ٹینڈرز، دو باؤزرز اور دو اسنارکلز نے حصہ لیا، جبکہ آگ بجھانے کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل شرور کردیا گیا۔ انکے مطابق چند مزدوروں نے بتایا کہ عمارت میں ویلڈنگ کا کام جاری تھا جس کے دوران آگ لگی تاہم حتمی وجوہات کا جائزہ کولنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد کیا جائے گا۔
ملک بھر سے سے مزید