اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی قیادت میڈیا کو درپیش مسائل، آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے اظہر عباس کو صدر، طارق محمود کو جنرل سیکریٹری، محمد عثمان اور میاں طاہر ایمنڈ کو نائب صدور، ریحان احمد اور ندیم جمال کو جوائنٹ سیکریٹریز اور شہاب محمود کو فنانس سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔اپنے پیغام میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں آزادی صحافت کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر ایمنڈ کی نومنتخب قیادت کو لائحہ عمل وضع کرنا چاہیے۔ آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانے کے لیے نئی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایمنڈ کی قیادت کارکن صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔