کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے سانحہ کارساز کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں پاکستان میں جمہوریت کی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،ان شہداء نے جمہوریت کی بحالی، عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آئین کی پاسداری ضروری ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے لے کر کارکنان تک، جمہوریت کے لیے قربانیوں کی ایک لازوال تاریخ رقم کی گئی ہے۔ پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے تحفظ، عوام کے حق حکمرانی اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ سانحہ کارساز ایک ایسا المناک واقعہ ہے جس نے جمہوریت کے لیے قربانی دینے والوں کی یاد کو قومی تاریخ کا حصہ بنا دیا۔ شہداء نے اپنے لہو سے جمہوری جدوجہد کی تاریخ رقم کی اور آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، استقامت اور وفاداری کی مثال قائم کی۔ انکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا دراصل جمہوریت، عوامی حقوق اور پرامن سیاسی جدوجہد کے اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ آئین کی پاسداری، سیاسی رواداری، عوامی حقوق اور جمہوری اقدار کو مقدم رکھا جائے۔