• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی ٹیچر لائسنسنگ پالیسی کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی ٹیچر لائسنسنگ پالیسی کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جہاں چھ ممالک کے نمائندوں نے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تدریسی معیار اور تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے سندھ کے تجربات سے سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے اس پیش رفت کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ٹیچر لائسنسنگ پالیسی پاکستان کی جانب سے تعلیم و تدریس کے شعبے میں اصلاحات کی قیادت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا یہ تجربہ ترقی پذیر ممالک کے لیے تعلیمی معیار میں بہتری اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے نئی راہیں متعین کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (STEDA) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید رسول بخش شاہ کی قیادت میں سندھ کے وفد نے رواں ماہ کولمبو، سری لنکا میں منعقد ہونے والی DHIS2 ایشیا پیسیفک کانفرنس 2026 میں محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی، حکومت سندھ کی نمائندگی کی۔ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے اس پیش رفت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں ٹیچر لائسنسنگ پالیسی کا نفاذ پیپلز پارٹی کی حکومت کی سنجیدہ کاوشوں اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک و تعاون کا نتیجہ ہے، جس سے صوبے میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

ملک بھر سے سے مزید