لاہور(خالدمحمودخالد) پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے اثرات بھارتی فضائی کمپنیوں کے بین الاقوامی آپریشنز پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔ ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی بھارت کی سب سے بڑی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا نے موسم سرما کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے نئی دہلی سے برطانیہ کے شہر برمنگھم اور آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے لئے براہ راست پروازیں یکم نومبر سے غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی فضائی حدود کی مسلسل بندش کے نتیجے میں بھارتی ایئر لائنز کو درپیش بڑھتے ہوئے اخراجات اور آپریشنل مشکلات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ ایئر انڈیا دہلی سے برمنگھم کے لئے ہفتے میں تین پروازیں جب کہ دہلی سے ویانا کے لئے ہفتے میں چار براہ راست پروازیں چلائی جارہی ہیں جن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی طیاروں کو یورپ کے متعدد مقامات تک پہنچنے کے لئے متبادل راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں۔ ان راستوں پر اضافی فاصلہ طے کرنے سے پرواز کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے، ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے اور طیاروں، عملے اور دیگر آپریشنل وسائل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ طویل راستوں کے باعث بعض پروازوں کی منصوبہ بندی، طیاروں کے استعمال اور اگلی پروازوں کے شیڈول کو برقرار رکھنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔