کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسی) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ پاک ایران بارڈر کی عارضی بندش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، بارڈر بندش کا مقصد دونوں اطراف سکیورٹی خدشات کا ازالہ اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مربوط نظام وضع کرنا ہے،انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری مثبت پیش رفت کے نتیجے میں سرحدی معاملات میں بہتری آئے گی، اسمگلنگ اور بدامنی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور تاجروں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی، صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان احمد گل کاکڑ نے کہا ہے کہ بارڈرز کی بندش کے حوالے سے اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں،بحالی اقدامات جاری ہیں،تاجروں اور امپورٹرز کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امورشاہد رند نے کہا کہ سرحدی انتظامات کو بہتر بنانے اور متعلقہ مسائل کے حل کےلئے دونوں اطراف کے اعلی حکام کے درمیان مثبت پیش رفت جاری ہے۔