اسلام آباد/نارووال (اے پی پی) پاکستان کا پہلا خلا باز25نومبرکو چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا جبکہ اس مشن کے لیے تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔ پاکستان نے 2035تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر کیا ہے۔ نوجوانوں میں خلائی علوم سے دلچسپی بڑھانے اور سائنسی شعور اجاگر کرنے کیلئے یونیورسٹی آف نارووال میں پاکستان کا پہلا اسپیس میوزیم قائم کیا جائے گا۔یہ بات وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نارووال میں عالمی ورلڈ اسپیس ویک 2026کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے وژن کے تحت سپارکو کے تعاون سے نارووال میں پہلی مرتبہ عالمی ورلڈ اسپیس ویک 2026منایا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق نارووال میں ورلڈ سپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 25نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا۔