• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالی وسائل کی کمی لاکھوں ذہین بچوں کے آگے بڑھنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ، وزیراعظم

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مالی وسائل کی کمی لاکھوں ذہین بچوں کی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ دانش اسکولوں کا قیام غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے ویژن کا حصہ ہے، دانش اسکولوں کا مقصد ان بچوں کو ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں کے ہم پلہ بلکہ ان سے بہتر تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی محنت، قابلیت اور صلاحیتوں سے ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں، ملک بھر میں دانش سکولوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور اس وقت مختلف علاقوں میں 27 دانش سکول زیر تعمیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں اسلام آباد میں دانش سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے اسلام آباد میں دانش سکول کا افتتاح کیا، کلاس رومز، سائنس، آئی ٹی اینڈ روبوٹکس لیبز اور آرٹ روم کا دورہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں ذہین اور باصلاحیت لڑکے اور لڑکیاں موجود ہیں جو اپنی محنت، قابلیت اور مسلسل کوششوں سے نہ صرف اپنی زندگی بدل سکتے ہیں بلکہ پاکستان کو اقوام عالم میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولوں کا مقصد ایچی سن کالج اور دیگر معروف گرامر سکولوں کے معیار کے برابر تعلیم فراہم کرنا ہی نہیں بلکہ ان سے بہتر تعلیمی معیار حاصل کرنا بھی تھا۔انہوں نے بہاولپور سے تعلق رکھنے والی طالبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بچپن میں اپنے والد کو کھو دیا تھا اور اسے محسوس ہوا کہ اس کے تمام خواب ختم ہو گئے ہیں، لیکن اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے کامیابی کی راہ ہموار کی اور وہ ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کے قابل ہوئی۔ انہوں نے ایک ایسے نوجوان کا بھی ذکر کیا جو دانش سکول میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹر بنا ، اس کی والدہ بھی تقریب میں موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں ہر بچے کو مساوی مواقع ملنے چاہئیں، خواہ وہ امیر خاندان سے تعلق رکھتا ہو یا غریب گھرانے سے، یتیم ہو یا مزدور کا بیٹا یا بیٹی، جب تک تمام بچوں کو تعلیم اور علاج کے مساوی مواقع فراہم نہیں کیے جاتے، اس وقت تک پاکستان کو قائداعظم کے تصور کے مطابق ملک نہیں بنایا جا سکتا۔

اہم خبریں سے مزید