اسلام آباد ( رانا غلام قادر) سیکٹر ایچ سولہ اسلام آ باد میں ماڈل جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل ،افتتاح کیلئے تیار ،وزیر اعظم شہباز شریف جلد ہی اس کا افتتاح کریں گے ،اس جیل کے فکنشنل ہونے کے بعداڈیالہ جیل راولپنڈی سے اسلام آ باد کے تمام قیدی یہاں منتقل ہوجائیں گے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی اسلام آ باد جیل میں منتقل کئے جا نے کا امکان ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر سہیل اشرف نے گزشتہ روز اسلام آباد جیل منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کام کی پیش رفت، منصوبے کی موجودہ صورتحال اور تکمیل کی مقررہ مدت کا جائزہ لیا۔ 90ایکٹر پر پھیلی جیل کے فیز ون میں ایک ہزار قیدیوں کے رکھنے کی گنجائش ہے جس کیلئے تین بیرکس تعمیر کی گئی ہیں،فیز ون میں سپرٹنڈنٹ جیل کی رہائش گاہ بن گئی ، افسران کیلئے بارہ فلیٹس اور عملہ کیلئے تین منزلہ بیرکس بھی تیار ہیں ۔ 32بیڈ کا ہسپتال بھی تعمیر کیاگیا ، دو واچ ٹاور اور34پوسٹیں بنائی گئی ہیں۔ ایڈمن بلاک ، کچن بھی تعمیر کیاگیا ۔