اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں پاکستان کی قومی تاریخ کا روشن باب ہیں،آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کا تحفظ سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیوں کا تقاضا ہے،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سانحۂ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے جبکہ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجوان نفرت، عدم برداشت اور انتہا پسندی کو مسترد کر دیں ، جمہوریت، امن، رواداری اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں،ان خیا لات کا اظہار انہوں نے سانحۂ کارساز کی برسی پر اپنے پیغامات میں کیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ بینظیر بھٹو جان کو لاحق خطرات کے باوجود ثابت قدم رہیں، ان کی جرأت اور قربانی جمہوریت، امن اور انصاف کے علمبرداروں کے لیے مشعل راہ ہے، سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کا سرچشمہ رہیں گی۔