کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی سربراہی میں عرب اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے ، یمن میں حکومتی فورسز کی حوثیوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہی ، تعز سمیت کئی اضلاع میں جھڑپیں، حکومتی افواج کا تعز میں پیش قدمی کا دعویٰ، حوثیوں نے نجران پر میزائل داغ دیا،سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق نجران میں ایک پروجیکٹائل گرنے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں، تین رہائشی مکانات اور تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے،اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) نے اتوار کے روز بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے دورۂ ابوظہبی کے دوران ان سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔یہ بات چیت شیخ منصور کے دورۂ ریاض کے کچھ ہفتوں بعد سامنے آئی ہے، جو گزشتہ سال خلیجی طاقتوں کے درمیان گہرے اختلافات پیدا ہونے کے بعد کسی سینئر اماراتی اہلکار کا مملکت کا پہلا دورہ تھا۔