• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خضدار، نال میں ماربل فیکٹری پر حملہ، 18 مزدور اغوا، فائرنگ سے ایک زخمی

کوئٹہ /خضدار(اسٹاف رپورٹر/نامہ نگار) خضدار کے علاقے نال میں نامعلوم افراد نے ماربل فیکٹری پر حملہ کرکے 18مزدوروں کو اغوا کرلیا جبکہ فرار کی کوشش کے دوران فائرنگ سے ایک مزدور زخمی ہوگیا،واقعہ بیسار پہاڑی کے قریب پیش آیا‘ مسلح افراد دو گاڑیاں اور لوڈر بھی لے گئے‘فورسز کا سرچ آپریشن شروع۔ مسلح افراد فیکٹری سے دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام نال میں بیسار پہاڑی کے قریب پیش آیا جہاں نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو اور ان کے بیٹے شاہ میر بزنجو کی ماربل فیکٹری واقع ہے۔ پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ درجنوں مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ اس دوران ایک مزدور نے فرار ہونے کی کوشش کی تو مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس سے راشد نامی مزدور ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ مغویوں میں مائنز منیجر بھی شامل ہےاطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ اغوا ہونے والے مزدوروں کا تعلق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید