کراچی (ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، قیادت متحد ہے، لانگ مارچ ناکامی کا جائزہ جاری ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ بارڈر بندش عارضی ہے، ایران ماضی میں بھی بند کرتا رہا ہے۔ دوسری جانب لانگ مارچ کی ناکامی، پی ٹی آئی میں اختلافات اور بارڈر بندش پر جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال نے تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور ان باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ہماری قیادت کی میٹنگ جاری ہیں جس میں اس ناکامی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجا تمام میٹنگز میں شامل تھے اور بتایا کہ میٹنگ میں کیا کیا ہوا اور کس طرف ہورہا تھااور انہوں نے اپنے خدشات بھی بتائیں جو مثبت پہلو میں تھے اور انہوں نے کسی پر الزام تراشی نہیں کی ۔اسد قیصر نے کہا کہ سہیل آفریدی نے بہت بہادری ہمت و جرات سے اپنا مقدمہ لڑا ہے اور پی ٹی آئی اس کے موقف کیساتھ اس کے پیچھے کھڑی ہے۔ ایک منتخب وزیراعلیٰ کو لاپتا کردیا گیا ہے اور حکومت تاحال ان کی حراست کی وجوہات واضح نہیں کررہی اور اس وقت موجودہ صورتحال مارشل لا سے بھی دو قدم آگے بڑھ چکی ہے۔