کراچی( رفیق مانگٹ)سب بیچ کر 19 سو کلومیٹر دورگرل فرینڈ سے ملنے پہنچا، معلوم ہوا وہ حقیقی نہیں ،تین لاکھ سے زائد فالوورز والا ’جیسکا‘ اکاؤنٹ AIکردار نکلا،سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جذباتی وابستگی،36 گھنٹے کی بس مسافت، بیلو ہورائزنٹے پہنچنے والا برازیلی محبوبہ کو تلاش نہ کرسکا،خاتون حقیقی نہ تھی، برازیل میں ایک 49 سالہ شخص اپنی محبوبہ سے ملنے کے لیے اپنا تمام سامان فروخت کرکے تقریباً 19 سو کلومیٹر دور پہنچ گیا، لیکن وہاں معلوم ہوا کہ خاتون حقیقی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تخلیق کردہ فرضی کردار تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایڈی مارٹنز نامی مستری نے والدہ کی وفات کے بعد تنہائی کے دوران 2020 میں سوشل میڈیا پر ’جیسکا اولیویرا‘نامی اکاؤنٹ دیکھا، جس سے وہ جذباتی طور پر وابستہ ہوگئے۔ اکاؤنٹ پر ایک خاتون کو دیہی زندگی گزارتے دکھایا جاتا تھا اور دعویٰ تھا کہ وہ اپنے فارم پر ساتھ رہنے کے لیے شریکِ حیات تلاش کررہی ہے۔مارٹنز نے 9اکتوبر کو سفر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنا سامان فروخت کیا اور 36 گھنٹے سے زیادہ بس کا سفر کرکے ریاست میناس گیرائس کے دارالحکومت بیلو ہورائزنٹے پہنچ گئے۔ تاہم، وہاں انہیں معلوم ہوا کہ جیسکا ایک فرضی اے آئی کردار ہے۔