ملتان (سٹاف رپورٹر) صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفرحسین خان نے صوبائی مرکز جماعت اسلامی جنوبی پنجاب، اسلامک سینٹرملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، غذائی تحفظ کی ضمانت اور لاکھوں خاندانوں کے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہےلیکن بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، زرعی اجناس کی غیر یقینی قیمتوں اور حکومتی پالیسیوں کے باعث کسان شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں،اس موقع پر صدر کسان بورڈ جنوبی پنجاب عاصم اقبال گجر اور سیکرٹری بابر درانی بھی موجود تھے، سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ کسانوں کے معاشی مسائل کے حل اور ان کے جائز حقوق کے حصول کیلئے کسان بورڈ کی حالیہ احتجاجی تحریک اسی جدوجہد کا تسلسل ہے، جس کا مقصد حکومت کو زرعی شعبے کے سنگین مسائل کی جانب متوجہ کرنا اور کسانوں کو انکی محنت کا منصفانہ معاوضہ دلانا ہے‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت گندم اور گنے سمیت اہم زرعی اجناس کی مناسب امدادی قیمتوں کا بروقت اعلان کرے اور کھاد، بیج، زرعی ادویات، بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کرے،انہوں نے زور دیا کہ زرعی شعبے کی بحالی کیلئے بجٹ میں مناسب وسائل مختص کیے جائیں، کسانوں کو معاشی تحفظ فراہم کیا جائے اور زرعی پالیسیوں کی تشکیل میں کاشت کاروں کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جائے۔