ملتان (سٹاف رپورٹر) انرویل ڈسٹرکٹ 343 کی چیئرمین سعدیہ کرمانی نے کہا ہے کہ سفید چھڑی نابینا افراد کی شناخت، خودمختاری اور محفوظ نقل و حرکت کی علامت ہے‘نابینا افراد اپنی محنت، قابلیت اور عزم کے ذریعے اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ انہیں ضروری سہولتوںاور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں‘ انرویل ڈسٹرکٹ 343 نابینا افراد کی معاونت کیلئے اپنا سلسلہ جاری رکھے گا اور زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک سفید چھڑیاں پہنچانے کی کوشش کریگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نابینا افراد میں سفید چھڑیاں تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ریحانہ امبرین نے کہا کہ نابینا افراد صلاحیتوں اور قابلیت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، انہیں صرف درست رہنمائی، مناسب مواقع اور تعاون کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جانے چاہئیں،ان کے مسائل کے حل اور انہیں معاشرے کا بااختیار شہری بنانے کیلئے وہ متعلقہ حکام اور حکومت پنجاب کے سامنے ان کے مسائل اجاگر کرنے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔