• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیبل چوری کرنے والا گروہ پکڑا گیا، پنجاب و اسلام آباد پولیس کے ملازمین بھی ملوث

راولپنڈی (حافظ وسیم اخترسٹاف رپورٹر) گورا قبرستان کے قریب زیر زمین کیبل چوری کرنے والا گروہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، پنجاب اور اسلام آباد پولیس کے ملازمین بھی ملوث نکلے، تھانہ سول لائنز کوسب انسپکٹر حسنین طارق نے بتایا کہ انہیں مخبرِ خاص نے اطلاع دی کہ گورا قبرستان کے قریب کیبل نکالنے کے لیے کھدائی کی جا رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی جب پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو وہاں کھدائی میں مصروف مزدور سرکاری گاڑی کو دیکھ کر کدالیں وہیں پھینک کر سبزہ زار کی تنگ گلیوں کی طرف فرار ہو گئے۔ اس دوران وہاں موجود ایک ٹریکٹر پر سوار تین افراد نے بھی بھاگنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے مستعدی دکھاتے ہوئے ٹریکٹر سمیت تینوں ملزمان کو موقع پر ہی دھر لیا۔پولیس کی گرفت میں آنے والے ملزمان نے تفتیش کے دوران اپنے نام جندول خان، نیفت اللہ شاہ اور محمد النجم الرحمٰن بھٹی بتائے۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ موقع سے فرار ہونے والوں میں ان کا ٹھیکیدار جلاد خان عرف جلال خان اور پنجاب پولیس کے دو ملازمین مرزا مہتاب اور عدنان ستی اور دیگر شامل ہیں۔دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ اس گروہ کی پشت پناہی میں ٹھیکیدار جلاد خان، عبداللہ جس کا پیرودھائی اور ترنول میں سکریپ کا گودام ہے ، پنجاب پولیس کے ملازمین مرزا مہتاب اور عدنان ستی سمیت تھانہ کراچی کمپنی کے اے ایس آئی الفت مصطفیٰ اور اسلام آباد پولیس کے عرفان مجید بھی شامل ہیں۔ ملزمان کا کہنا تھا کہ وہ سب مل کر زیرِ زمین سرکاری کیبل نکالتے ہیں اور اسے گوجرانوالہ لے جا کر زوہیب بٹ نامی شخص کو فروخت کرتے ہیں۔ آج بھی وہ کیبل نکالنے ہی لگے تھے کہ پولیس پارٹی کو دیکھ کر ان کے ساتھی کام چھوڑ کر بھاگ گئے جبکہ وہ پکڑے گئے۔
اسلام آباد سے مزید