اسلام آباد ( ایوب ناصر) وفاقی دارالحکومت میں ڈرائیونگ لائسنس اب صرف آن لائن درخواست پر گھر پہنچائے جائیں گے، 19 اکتوبر سے ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد اور دیگر پولیس خدمت مراکز میں یہ سہولیات دستیاب نہیں ہوں گی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آن لائن خدمات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ویب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس بذریعہ ٹی سی ایس شہریوں کی دہلیز تک پہنچائے جائیں گے۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے کہا کہ شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی وصولی کے لیے دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی شہریوں کو ہدایت کی کہ آن لائن درخواست دیتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل نمبر درج کریں، کیونکہ غلط یا نامکمل پتہ لائسنس کی ترسیل میں تاخیر کا سبب بن سکتا ہے۔