السّلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
سرِورق کی پشت پر
روزنامہ جنگ کا پرانا قاری ہوں، خصوصاً اس کے اتوار کے میگزین کا باقاعدگی اور بھرپور توجّہ سے مطالعہ کرتا ہوں، جو ہر ہر لحاظ سے معلوماتی اور تفریحی مواد کے ساتھ شائع ہوتا ہے۔ خاص طور پر دینی صفحہ اور دیگر دینی مواد تو انتہائی شان دار، معلوماتی ہوتا ہے۔ اِن دنوں محمود میاں نجمی کے سیرتِ رسولﷺ سے متعلق بےحد عمدہ مضامین شائع ہورہے ہیں۔
بہرحال، میرا آج خط لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ کیا یہ ممکن ہے کہ ’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ کا صفحہ ماڈلنگ کے صفحے کی پشت پر شائع نہ کیا جائے۔ مَیں عاجز گناہ گار شخص ہوں، مگر مجھے یہ بات کچھ نامناسب معلوم ہوتی ہے۔ (پروفیسر راؤ راشد علی خان، بلاک ٹی، نیو ملتان)
ج: سر! بات صرف اتنی سی ہے کہ ہمارے اور آپ کے زاویۂ نگاہ کا فرق ہے۔ آپ اِسے ماڈلنگ کی بیک سائیڈ سمجھتے ہیں، جب کہ ہمارا مطمحٔ نظر یہ ہےکہ جریدےکا آغاز ایک متبرّک سلسلے سے ہونا چاہیے۔
گرچہ ’’سنڈے میگزین‘‘ کوئی دینی و مذہبی جریدہ نہیں، لیکن خیال یہی ہوتا ہے کہ شمارے کی ابتدا بہرحال ایک دینی صفحے سے ہو تو بہتر ہے۔ اور پھر ہماری نظر میں تو تقدّس و احترام کا تقاضا بھی یہی ہے کہ سب سے اعلیٰ تحریر، جریدے کے آغاز یعنی پہلے صفحے ہی پر شایع کی جائے۔
حُکم رانوں کے لتّے، چکنے گھڑے
’’حالات و واقعات‘‘ میں منور مرزا کا تجزیہ درست تھا کہ حُکم رانوں کی اڑان بہت اونچی ہے، لیکن عملاً کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا۔ اوپر سے لے کر نیچے تک سب بس بڑھکیں ہی مار رہے ہیں اور کیوں نہ ماریں، اُن کی تن خواہیں، مراعات اِن بڑھکوں ہی سے تو مشروط ہیں۔ عوام منہگائی کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں، مگر اِنہیں کیا فرق پڑتا ہے۔
ڈاکٹر سکندر اقبال تو ’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘ میں ایک سے بڑھ کرایک موضوع اور مضمون سامنے لا رہے ہیں، جیسا کہ ’’انٹرمٹنٹ فاسٹنگ‘‘ پر ہم نے اس سے پہلے کبھی کوئی مضمون نہیں پڑھا تھا۔ سحر ملتانی نے بلوچستان سے قائدِاعظم کی محبّت کو موضوعِ تحریر بنایا۔ اسد اشرف ملک نےمحبّت کی چھے اقسام، ’’فنائے ذات تک کے سفر‘‘ پر بہت ہی منفرد تحریر پیش کی۔ حافظ بلال بشیر نے ’’نوجوانوں کے عالمی دن‘‘ کے حوالے سے مضمون تحریر کیا اور مختلف مثالوں سے سجھایا کہ نوجوان ناکامی سے ہرگز دل برداشتہ نہ ہوں۔
ضیاء الحسن، عشاء خان کے تحریکِ آزادی کے تناظر میں افسانے بہت خُوب صُورت تھے اور اب آیئے ’’آپ کا صفحہ‘‘ کی طرف، اس شمارے میں ہمارا اور خادم ملک دونوں کا خط جگمگا رہا تھا، دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اگلے شمارے میں محمود میاں نجمی نے نبی پاک ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے نبوّت تک کے کچھ واقعات مختصر طور پر بیان کیے۔ یہ سلسلے کی پہلی قسط تھی، جو بہت ہی معلوماتی، رُوح پرور معلوم ہوئی۔
منیر احمد خلیلی نے آبنائے ہرمز کی بندش کے نتائج پر روشنی ڈالی۔ ابرار ندیم نے بلوچستان کے دیرینہ مسائل سے متعلق شان دار تجاویز پیش کیں، مگر کیا یہ تجاویز قابلِ عمل ہیں، یا کچھ مزید مسائل پیدا ہوجائیں گے؟
منور مرزا ایک بار پھر پاکستان کے حُکم رانوں کو لتاڑ رہے تھے، مگر اِن چکنے گھڑوں پر کچھ اثر نہیں ہونے والا۔ رؤف ظفر نے حسین وادیوں سیاحتی مقامات سے متعلق فکر انگیز ’’رپورٹ‘‘ تیار کی اور ’’احسنِ تقویم‘‘ میں رحمان فارس نے احمد مشتاق کا تعارف بہت ہی دل چسپ انداز سے کروایا۔
ڈاکٹر سکندر اقبال ایک اور شان دار، معلوماتی مضمون کے ساتھ آئے۔ ’’پیارا گھر‘‘ میں انزلہ صدیقی نے اسکرینز کے بے تحاشا استعمال پر توجّہ مبذول کروائی۔ ڈاکٹر عزیزہ انجم کا افسانہ سمجھ نہیں آیا، جب کہ ’’آپ کا صفحہ‘‘ میں ایک بار پھر میرا خط موجود تھا، بہت شکریہ۔ (سید زاہد علی، شاہ فیصل کالونی، کراچی)
ج: سچ یہی ہے کہ عوام نہ صرف ان حُکم رانوں، سیاست دانوں بلکہ ان سے پہلے اور بعد آنے والوں سب آمروں، جابروں، وڈیروں، سرداروں، جاگیرداروں، حتیٰ کہ ساری اشرافیہ، مراعات یافتہ سب طبقات سے ناکوں ناک عاجز آئے بیٹھے ہیں۔ کوئی ان سے متعلق ایک جملہ بولے اور پھر دیکھے کہ دل جلے عوام کیسے کیسے اپنے پھپھولے نہیں پھوڑتے۔
کبھی ہنساتی، کبھی رُلاتی ہیں
اِن دِنوں شہرِ اقبال، ضلع سیال کوٹ آئے ہوئے ہیں، کب تک قیام رہتا ہے، فی الحال ہمیں بھی نہیں پتا۔ اس بار بات شروع کرتے ہیں، ’’آپ کا صفحہ‘‘ سے، جس میں آپ کا جواب پڑھ کر خوشی بھی ہوئی اور ہنسی بھی آئی۔ آپ بھی خُوب ہیں، کبھی ہنساتی ہیں، تو کبھی رُلا بھی دیتی ہیں۔ ویسے شائستہ کی آپ نے جو تعریف و توصیف کی، پڑھ کر بےحد خوشی ہوئی کہ وہ ہیں یہی تعریف کے قابل، اللہ بخت کمال رکھے۔
مرکزی چوکھٹے میں اُن ہی کی چٹھی جگمگارہی تھی اور شاید یہی ’’سال کی بہترین چٹھی‘‘ ٹھہرے۔ اس بار اسٹائل ’’رائٹ اَپ‘‘ کی ڈیوٹی افشاں نوید نے انجام دی اور انہوں نے بھی بہت ہی شان دار انداز سے یہ ذمّے دارے نبھائی۔ ثناء توفیق خان کھانوں کی تراکیب بھجوانے کا پوچھ رہی تھیں، ہمارے منہ میں تو ابھی سے پانی بھر آیا، جلدی بھجوائیں بھئی۔ قرأت نقوی کی کوئی ای میل شاملِ اشاعت نہ تھی۔ ٹائٹل ’’میرے آزاد، ابد آباد وطن، زندہ باد…‘‘ جیسی حسین عبارت سے مزیّن تھا۔
سبز و سفید رنگ کی آمیزش لیے پہناووں نے ’’سینٹر اسپریڈ‘‘ اور ’’سرِورق‘‘ کو ہزار چاند لگا رکھے تھے، دُعا ہے یہ وطن اور یہ چہرے سدا چمکتے دمکتے رہیں۔ اللہ گرم و سرد ہواؤں سے محفوظ رکھے، دیگر نگارشات میں رابعہ فاطمہ کی تحریر ’’تقسیمِ ہند کے آخری تیس دن‘‘ معلومات افزا تھی۔ ثانیہ انور کی آمد بھی خوش آئند رہی، وہ انسانی اعضاء کے عطیہ و پیوند کاری کے موضوع پر قلم طراز تھیں۔
اسد اشرف ملک نے تو ’’محبّت، فنائے ذات کا سفر‘‘ لکھ کر گویا قلم ہی توڑ دیا۔ نظیر فاطمہ ’’آزادی‘‘ کے عنوان سے چھوٹی سی پُراثر تحریر لائیں، پڑھ کردل خوش ہوگیا۔ عشاء خان کی ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ضیاء الحسن کی ’’صُبح امید‘‘ کا بھی جواب نہ تھا۔ ڈاکٹر عزیزہ انجم، رانا محمد شاہد اور بلال بشیر بھی وطن کی محبّت سے سرشار دکھائی دیئے، مجموماً پورا شمارہ ہی بہترین، نکھرا نکھرا لگا۔ (محمّد صفدر خان ساغر، نزد مکی مسجد، محلہ شری فارم، راہوالی، گوجرانوالہ)
ج: ایکسکیوزمی! ہم نہ کسی کو ہنسانے پر مامور ہیں، نہ رُلانے پر قادر۔ آپ اپنے سب ایموشنز کے خود ذمّے دار ہیں، درحقیقت اِسے محاوراتی زبان میں ’’کرموں کا پھل‘‘ کہا جاتا ہے۔
مجھے اے زندگی دیوانہ کردے!!
سچ کہتا ہوں، سچ کے سوا کچھ نہ کہوں گا۔ جنگِ 65ء کے ہیرو، ایم ایم عالم، اسکواڈرن لیڈر علاؤ الدین، ایئر مارشل دلاور حسین کے قصّے پڑھ کر میرے آنسو چھلک پڑے، یہ وطن کے عظم سپہ سالار تھے، جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں اللہ کے سپرد کردیں اور امر شہید کہلائے، اب ایسے جاں باز کہاں؟ اب تو ہر ایک کو معاشی حالات نے پریشان کر رکھا ہے۔
محمد رفیع کا گایا گیت یاد آگیا۔ ’’مَیں اپنے آپ سے گھبرا گیا ہوں… مجھے اے زندگی دیوانہ کردے‘‘ آپ لوگ لائقِ صدستائش ہیں کہ علم و ادب کے موتی چُن چُن کر صفحۂ قرطاس پر بکھیرتے ہیں، یہ بھی حبِ وطن ہی کا ایک انداز ہے۔ سچ کہتا ہوں، اس جنگ کا ’’سنڈے ایڈیشن‘‘ سب پر بازی لے گیا ہے۔ اس ’’جادو نگری‘‘ ہی کا کمال ہے، جو اتوار کے اتوار خوش ہو لیتا ہوں، وگرنہ وہ کیا ہے کہ ؎ دوستوں سے اس قدر صدمے اُٹھائے جان پر… دل سے دشمن کی عداوت کا گلہ جاتا رہا۔ (سیّد شاہ عالم زمرد اکبرآبادی، راول پنڈی)
ج: ویسے اکثر و بیش تر آپ کی تحریر پڑھ کر یہی محسوس ہوتا ہے کہ جیسے آپ کی سُنی گئی ہے۔
معصوم حور سی!!
اس بار ’’حجاب ڈے ایڈیشن‘‘ میں ماڈل عروہ راج عبایا، اسکارفس سے مزیّن ایک معصوم ’’حور‘‘ سی لگ رہی تھی۔ خدا تعالیٰ ہماری تمام بیٹیوں کو احکاماتِ الٰہی پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ محمود میاں نجمی ’’سیرتِ رسولؐ‘‘ پر ایمان افروز سلسلے کے ساتھ آئے ہیں، پڑھ کر رُوح تک کِھل اٹھتی ہے۔ ’’عالمی یومِ حجاب‘‘ سے متعلق تمام ہی تحاریر ایک سے بڑھ کر ایک تھیں۔
عرفان ہارون حیدرآباد شہر کے گوناگوں مسائل کا احاطہ کررہے تھے، جب کہ منور مرزا مکّہ دفاعی معاہدے پر روشنی ڈال رہے تھے۔ ڈاکٹر جعفر عسکری نے فلسطینی بچّی کا نوحہ کیا بیان کیا، پڑھ کے کلیجہ منہ کو آگیا، لیکن امتِ مسلمہ خوابِ خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘ میں رونق افروز تمام ہی ساتھیوں کے خطوط نے بہت لُطف دیا اور آپ کے جوابات کا تو کوئی مول ہی نہیں ہوتا۔ (عائشہ جنڈیالی، میاں چنوں)
ج: شُکر ہے ہماری کوئی ماڈل خواتین کو بھی پسند آئی، اُن کے دل کو بھی بھائی۔
کب حاضر ہوسکتا ہوں؟
گزشتہ ہفتے بھی آپ کو خط لکھا تھا کہ مجھے وقت بتائیں، مَیں کس وقت آپ کی خدمت میں حاضر ہوسکتا ہوں۔ دراصل مجھے معلوم کرنا ہے کہ آپ کو کیسے آرٹیکل پسند آتے ہیں۔ میرا نوجوانوں کے حوالے سے لکھا ہوا آرٹیکل بھی ابھی تک شائع نہیں ہوا، مَیں معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ اس میں کیا نقص ہے، جو آپ کو پسند نہیں آیا۔ (شیر محمّد چشتی)
ج: جی، آپ ہماری خدمت میں کسی وقت بھی حاضر نہیں ہو سکتے، اس لیے کہ تمام تر تحاریر کی اشاعت، عدم اشاعت کا ایک سسٹم موجود ہے بلکہ ہم نے تو دوسرے اخبارات و جرائد کے برعکس باقاعدہ ناقابلِ اشاعت تحاریر کی فہرستیں شائع کرنے کا اہتمام بھی کر رکھا ہے اور رہی ہماری پسندیدگی یا نقائص سے آگاہ کرنے کی بات، تو یہاں اتنی فرصت کسی کے پاس نہیں۔ آپ جریدے کا باقاعدگی سے مطالعہ کریں۔
مندرجات دیکھیں، پڑھیں، سمجھیں اور ان ہی کی مناسبت سےاپنی نگارشات ارسال کریں۔ تحریر ہمارے معیار، ادارتی پالیسیز کے مطابق ہوگی، تو باری آنے پر شائع کردی جائے گی، بصورتِ دیگر ناقابلِ اشاعت تحاریر کی فہرست میں شامل ہوجائے گی اور آپ ساری لکھت پڑھت گھر سے بیٹھ کر کریں، اِس کے لیے ہماری خدمت میں حاضری کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں۔
فی امان اللہ
وسط اگست کا شمارہ پیوستِ دل ہوا کہ ٹائٹل پر اِک گلشن آرا، آری آرا، تبسم کے ساتھ جلوہ گر تھی۔ ؎ تُو آئے تو گلشن کا حسیں چہرہ نکھر جائے… تو پھر فیض صاحب نے بجا فرمایا تھا۔ ؎ چلے آؤ کہ گلشن کا کاروبار چلے… قبل ازیں کہ دلِ حزیں کسی شرلی پٹاخے کی مانند چلے، ہم ’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ کی اور چلے، جہاں محمود میاں نجمی کے قلمِ دل افزا کی مساعیٔ جمیلہ (تذکرۂ پُرنور ہادی عالمؐ) سے قلبِ سلیم کو حدّتِ ایماں سے گرمایا۔ آگے صفحہ ’’اشاعتِ خصوصی‘‘ پر آئے تو پتا چلاکہ ’’آبنائے ہرمز نوّے فی صد بند ہے۔‘‘
باالفاظِ دیگر ایشیائی فنانشل بیٹری کی چارجنگ10 فی صد باقی ہے۔ ’’اشاعتِ خصوصی‘‘ (دھوم ٹو) میں لاہوری رائٹر نے بلوچی صوبے کی حسّاسیت کا کیا خُوب تجزیہ کیا کہ ’’آج ہمیں چاروں صوبے تو دکھائی دیتے ہیں، مگر جناح کا پاکستان کہیں دکھائی نہیں دیتا۔‘‘
میرے پاکستانی بھیّا! اس کی وجہ یہ ہے کہ ماضی کے آمروں کو اپنے اقتدار کے سوا جو کچھ دکھائی نہیں دیا اور اُن میں پرویز مشرف سرِفہرست تھا۔ برگزیدہ اسکالر، منور مرزا کی برجستگی پر ہم بےساختہ مُسکرا اٹھے۔ ’’ہمارے دانش وَر ایران، امریکا جنگ میں الجھےہوئے ہیں، آبنائے ہرمز کے علاوہ بھی دنیا موجود ہے۔‘‘
مطلب ’’تینوں پرائی کی پئی، آپنی نبیڑ تُوں۔‘‘برفانی وادی ہردوسرے، تیسرے روزاوسطاً ایک انسانی جان کا خراج وصول کررہی ہیں۔ رئوف ظفر کی یہ رُوح فرسا خبرسوہانِ رُوح ثابت ہوئی۔ ’’احسنِ تقویم‘‘ کی شخصیت شاعر احمد مشتاق کا یہ مصرعہ زیرو ڈگری پر، سینٹ پرسینٹ سمجھ میں آگیا۔ ؎ عُمر بھر کون جواں، کون حسیں رہتا ہے۔ تاہم، اس مصرعے؎’’عشق کےساتھ ضروری ہےہوس کاہونا‘‘ کو سمجھنے کے لیے ہم آٹھوں لائل پوری بازار پِھرلیے، مگر سامنے گھنٹہ گھر ہی رہا۔
’’آرائش محل‘‘ کے ڈریس اسٹوڈیو کی تحریر اچھی، تصویر بھلی تھی اور تصویر والی کیسی تھی، سانوں ایس نال کی؟ ہاہاہا… ’’ڈائجسٹ‘‘ ڈیرے میں ’’گوری‘‘ کے ویہڑے میں ہیرو ساجد کا رول ماڈل ان الفاظ کا پَرتو ٹھہرا۔ ؎ دنیا کا غم دیکھا تو میں اپنا غم بھول گیا… اگر نائلہ شہناز نے اسلام سے حقوقِ نسواں کا خُوب صُورت طور تعلق جوڑا، تو شگفتہ نعیم نے بھی ’’اچھی باتیں‘‘ میں سچی باتیں لکھیں۔ لو جی، اسٹڈی ریل پر ہماری خیبر میل بِنا بریک فیل، کراچی سِٹی ’’نئی کتابیں‘‘ پہنچ گئی۔
لائبریرین اختر ہو یا منور، لائبریرین ہی ہوتا ہے، یعنی ’’جس کا کام، اُسی کو ساجھے، اسیں کون راجے ماجھے۔ پہلی ہی کتاب ’’محبّت ہی تو میرا مسئلہ ہے۔‘‘ دیکھی تو سوچیں پے گئے، پھر مجنوں کا مسئلہ کیا تھا؟ دوستو! محبّت فردِ واحد کی جاگر نہیں، یہ تو اِک یونی ورسل ٹریجڈی ہے، جو ازل سے جاری اور تاابد بیماری (پر عاشقاں لئی خواری) رہےگی، یعنی، جو دل پیار کرے گا، وہ گائے گا، ’’مجھے نیند نہ آئے، مجھے چین نہ آئے۔‘‘
یارو! محبّت کوئی ایسی ہی ’’سُکھ چین‘‘ ہوتی تو اردو ادب ’’تِرے بن غالب جالب‘‘ ہوتا اور نہ ہی پروین شاکر کو مسئلہ پھول درپیش ہوتا اور ’’آپ کا صفحہ‘‘ کے جوہر خانے میں برقی، مُرلی، پرنس اور سیّدز کے جوہر دیکھے۔ ساغر کا جوہرِ فردا اور شمائلہ کا جوہرِ لطیف بھی خُوب تھا، جب کہ مسند نشیں رانا شاہد پر سلیم و شائستہ کا جوہر بھی کُھلا۔ بھئی، یہ تو جمالِ جوہری ہےکہ جو سنگِ کوہ کو زینتِ کوئین کراؤن بنادے۔ (محمد سلیم راجا، لال کوٹھی، فیصل آباد)
ج: لاجواب!
* فادرزڈے پر میرا پیغام شائع کرنے کا بےحد شکریہ۔ زیادہ نہیں، آپ سے صرف دو باتیں کرنا چاہتی ہوں۔ مَیں سنڈے میگزین میں ’’آپ کا صفحہ‘‘صرف آپ کے جوابات سے لطف اندوز ہونے کے لیے پڑھتی ہوں۔ بغیر لاگ لپیٹ کے آپ کے جواب دینے کا انداز انتہائی منفرد ہے، واللہ، پڑھ کر مزہ آجاتا ہے۔ سلامت رہیں، خوش رہیں اور میری یہ ای میل اگر میگزین کے معیار پہ پوری اُترتی ہے، تو کسی کونے کھدرے میں جگہ دے کر شکریے کا موقع دیں، جزاک اللہ۔ (روزینہ خورشید)
ج: خطوط، میلز، پیغامات کی اشاعت کے لیے تو کوئی پیمانہ مقرر کیاہی نہیں گیا، اِن سلسلوں کامیرٹ بس اسی قدرہےکہ تحریر ناشائستہ نہ ہو،جب کہ آپ کی تو کچھ تحاریر غالباً دیگر صفحات پر بھی شایع ہو چُکی ہیں، تو ای میل شایع نہ کرنے کا کیا سوال۔
* سنڈے میگزین کے لیے ماڈلنگ کرنا چاہتی ہوں، پلیز فارمیٹ بتادیں۔ (فضّہ انصاری)
ج: سب سے پہلے تو اپنا پورٹ فولیو، رابطہ نمبر وغیرہ بھیج دیں۔ دوم، یہ کہ اب ہمارے شُوٹس صرف لاہور سے ہوتے ہیں، اگر شوٹس کے لیے آپ کا انتخاب عمل میں بھی آجاتا ہے، تو لاہور جانے کا ’’کشٹ‘‘ آپ کو خُود ہی اُٹھانا ہوگا۔
* جب آپ کا اخبار چھے آنے کا تھا، مَیں تب سے اس کا قاری ہوں۔ سنڈے میگزین بہت ہی ذوق و شوق سے پڑھتا ہوں۔ رحمان فارس کا سلسلہ’’ احسنِ تقویم‘‘ اِن دنوں ہردل عزیز ہے۔ مَیں متعدّد امراض کا شکار ہوں اور علاج کے لیے ڈاکٹر ایم عارف سکندری سے رجوع کرنا چاہتا ہوں۔ کیا اس حوالے سے آپ میری کچھ مدد کر سکتی ہیں۔ (چیتن کمار مکوانہ، کنری میمن، میگھواڑ)
ج: ڈاکٹر صاحب حیدرآباد کے جس ادارے سے منسلک ہیں، اُس کا نام اُن کے ہر مضمون کے ساتھ شایع کیا جاتا ہے، اب اس سے زیادہ ہم کیا مدد کریں۔
* سنڈے میگزین کے لیے ریٹائرڈ افراد سے متعلق آدھے صفحے کی تحریر لکھنے کی اجازت چاہتا ہوں۔ (عبدالجمیل، نیو سعیدآباد، بلدیہ ٹاؤن، کراچی)
ج: لکھنے کی تو ہر ایک کو اجازت ہے، مگر اشاعت کی ضمانت، قابلِ اشاعت ہونے کی صُورت ہی ملتی ہے۔
قارئینِ کرام کے نام !
ہمارے ہر صفحے، ہر سلسلے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیجیے۔ اس صفحے کو، جو آپ ہی کے خطوط سے مرصّع ہے، ’’ہائیڈ پارک‘‘ سمجھیے۔ جو دل میں آئے، جو کہنا چاہیں، جو سمجھ میں آئے۔ کسی جھجک، لاگ لپیٹ کے بغیر، ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہم آپ کے تمام خیالات، تجاویز اور آراء کو بہت مقدّم ، بے حد اہم، جانتے ہوئے، ان کا بھرپور احترام کریں گے اور اُن ہی کی روشنی میں ’’سنڈے میگزین‘‘ کے بہتر سے بہتر معیار کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ ہمارا پتا یہ ہے۔
نرجس ملک
ایڈیٹر ’’ سنڈے میگزین‘‘
روزنامہ جنگ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی
sundaymagazine@janggroup.com.pk