کراچی(سید محمد عسکری) ضلع غربی کراچی میں محکمہ اسکول ایجوکیشن اور سندھ قطر اسپتال میں گریڈ ایک سے چار کی سرکاری ملازمتوں پر مبینہ غیر قانونی بھرتیوں، جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی کے ذریعے دیگر اضلاع کے افراد کو نوازنے اور مقامی امیدواروں کا حق مارنے کا سنگین معاملہ سامنے آگیا ہے۔ رکن سندھ اسمبلی سید اعجاز الحق نے بھرتیوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر غربی کو خط لکھ کر شفاف تحقیقات، تمام تقرریوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال، غیر قانونی بھرتیوں کی منسوخی اور ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔ رکن سندھ اسمبلی پی ایس 121سید اعجاز الحق نے 13 نومبر 2026 کو ڈپٹی کمشنر غربی کے نام لکھے گئے خط میں انکشاف کیا ہے کہ سال 2022-23 کے دوران محکمہ اسکول ایجوکیشن کے پرائمری و سیکنڈری شعبوں اور سندھ قطر اسپتال میں گریڈ ایک سے چار کی اسامیوں پر ہونے والی بھرتیوں کیخلاف سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان بھرتیوں میں ضلع غربی کے مقامی اور اہل امیدواروں کو مبینہ طور پر نظرانداز کرکے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کو جعلی ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹس (پی آر سی) کی بنیاد پر ملازمتیں دی گئیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کے مطابق ان اسامیوں پر ضلع غربی کے مقامی رہائشیوں کا حق تھا، تاہم بڑی تعداد میں غیر مقامی افراد کی مبینہ تقرریوں کے باعث مستحق امیدوار ملازمتوں سے محروم ہوگئے، جس سے علاقے کے عوام میں شدید بے چینی اور اشتعال پایا جاتا ہے۔ رکن سندھ اسمبلی نے بھرتیوں کے پورے عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے نشاندہی کی ہے کہ حکومت سندھ نے ان تقرریوں کے لیے ڈپٹی کمشنر کو ضلعی بھرتی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا تھا، ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھرتیوں کا مکمل ریکارڈ کھولا جائے ۔خط میں بالخصوص تقرری نامے حاصل کرنے والے افراد کے شناختی کارڈز، ڈومیسائل اور پی آر سی کی تصدیق کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ سید اعجاز الحق نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات میں غیر قانونی تقرریاں ثابت ہونے کی صورت میں انہیں فوری منسوخ کیا جائے۔ اہم بات یہ ہے کہ مذکورہ خط ڈپٹی کمشنر غربی سمیت متعلقہ سرکاری دفاتر میں وصول ہوچکا ہے۔ تاہم اب اصل سوال یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ بھرتیوں کا ریکارڈ کھول کر مبینہ جعلی ڈومیسائل اور غیر قانونی تقرریوں کی تحقیقات کرے گی یا مقامی امیدواروں کو ان کے حق سے محروم کیے جانے کی شکایات بدستور برقرار رہیں گی۔ واضح رہے کہ غیر قانونی بھرتیوں اور جعلی دستاویزات سے متعلق الزامات رکن سندھ اسمبلی کے خط میں عائد کیے گئے ہیں، جن کی آزادانہ سرکاری تحقیقات اور تصدیق ہونا باقی ہے۔