ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کی انگریزی زبان پر مہارت بہتر بنانے کیلئے زیرو پیریڈ کے دوران روزانہ ایک نیا انگریزی لفظ سکھانے کی سرگرمی متعارف کرانیکا فیصلہ کیا گیا ہے‘ اس اقدام کے تحت طلبہ کو ہر روز ایک نیا انگریزی لفظ اس کے معنی اور درست تلفظ کیساتھ سکھایا جائیگا، جبکہ انہیں اس لفظ کو استعمال کرتے ہوئے اپنے طور پر انگریزی جملے بنانے کی مشق بھی کروائی جائیگی۔ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد طلبہ کے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ‘ انگریزی زبان کو سمجھنے اور درست انداز میں استعمال کرنیکی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ زیرو پیریڈ کے دوران اساتذہ طلبہ کو روزانہ منتخب کردہ لفظ سے متعارف کروائینگے اور اسکے معنی، تلفظ اور استعمال کی وضاحت کرینگے۔ بعد ازاں طلبہ اس لفظ کو مختلف جملوں میں استعمال کرکے اپنی انگریزی تحریر اور بول چال کی مشق کرینگے۔