پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے سمال انڈسٹریز ہزارہ ڈویژن کے سابق ڈائریکٹر جنرل محمد شاہد خٹک کی اپیل منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت کی جانب سے انہیں سنائی گئی تین سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کالعدم قرار دے دی اور نیب ریفرنس میں انہیں بری کردیا۔جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل بنچ نے اپیل پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ اپیل کنندہ کی جانب سے ملک محمد فاروق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔سماعت کے دوران اپیل کنندہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے سمال انڈسٹریز کے قرضوں کے حوالے سے 1999 سے 2005 تک کی تحقیقات کے دوران سرکاری اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال نہیں کی، حالانکہ قرضوں سے متعلق تمام لین دین سرکاری اکاؤنٹس کے ذریعے ہوا تھا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اپیل کنندہ کے خلاف نیب پراسیکیوشن کے الزامات اور شواہد کمزور ہیں۔ نیب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تحقیقات کے دوران قرضوں میں لاکھوں روپے کے غبن کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد اپیل کنندہ کے خلاف 50 لاکھ روپے کا ریفرنس دائر کیا گیا۔