پشاور (لیڈی رپورٹر )خیبر پختونخوا کے 12 نامزداضلاع کے لئے قائم ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے مشیرِ اطلاعات محمود جان بابر نے کہا ہے کہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے ان اضلاع کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنا، انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور قومی دھارے میں ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ لانا اولین ترجیحات میں شامل ہے اوراس مقصد کے حصول کے لئے حکومت فلاحی اداروں کے تعاون کا بھرپور خیرمقدم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں ن الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ہیڈ کوارٹرالخدمت ہاوس پشاور کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر تاج ملوک اور ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد نے انہیں صوبے بھر، بالخصوص ان 12 نامزد اضلاع جہاں ایمرجنسی نافذ ہے، میں ادارے کی جاری فلاحی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں اور امدادی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔محمود جان نے کہا کہ بدقسمتی سے سابقہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے بعض بندوبستی اضلاع گزشتہ ڈھائی عشروں سے شورش اور بدامنی کے اثرات سے دوچار ہیں، جس کے نتیجے میں وہاں کا حکومتی اور ترقیاتی انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بابر نے کہا کہ حکومت صوبے کے 12 اضلاع میں صحت، تعلیم، پینے کےصاف پانی کی فراہمی اور دیگر عوامی خدمت کے شعبوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔ تاہم دیگر فلاحی اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔