پشاور (جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی سینئر نائب صدر خواتین ونگ اور ایم پی اے نیلو فر بابر نے کہا ہے کہ 59 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں 30 نومبر کو نوشہرہ میں ایک زبردست تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ تقریب میں پارٹی رہنماء اور جیالے بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔نیلو فر بابر کے مطابق، 30 نومبر 1967کو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک ایسے سیاسی پلیٹ فارم کی بنیاد رکھی جس کا بنیادی مقصد عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کی فراہمی، جمہوریت کا فروغ اور محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ تھا، پارٹی اسی نظریے کے تحت آج بھی عوامی حقوق، جمہوری اقدار کے استحکام اور غریب و متوسط طبقے کی خوشحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔یوم تاسیس کے موقع پر شہدائے جمہوریت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، پارٹی کی سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا اور پارٹی پرچم لہرایا جائے گا۔انہوں نے کارکنوں سے پر زور اپیل کی کہ وہ 30 نومبر کی تقریب میں بھرپور شرکت کریں۔