پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت گرلز کیڈٹ کالج مردان کے بورڈ آف گورنرز کا گیارہواں اجلاس منعقد ہوا۔جس میں بورڈ کے اراکین، سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمود اسلم وزیر، کمشنر مردان سید محمد علی شاہ، کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹ سینٹر مردان کینٹ بر یگیڈئیر احمد یامان، کالج کی پرنسپل طاہرہ مزمل اور محکمہ خزانہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مشیر تعلیم کو کالج کے قیام سے اب تک کے نو سالہ تعلیمی سفر، مجموعی کارکردگی، حاصل کردہ اہداف اور مختلف تعلیمی و انتظامی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گزشتہ بورڈ اجلاس کے منٹس کی مشروط منظوری دی گئی جبکہ کالج کے قواعد و ضوابط کے مسودے پر مزید قانونی کارروائی تیز کرنے اور اسے جلد حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ قانون سے رابطے کی ہدایت کی گئی۔بورڈ نے کالج کے مالی سال 2026اور27 کے بجٹ تخمینوں اور مالی سال 2025 اور 26 کے حقیقی اخراجات کی بھی منظوری دی۔ اسی طرح دیگر سرکاری ملازمین کے مساوی کالج کے ملازمین کے لیے نظرثانی شدہ بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز کی منظوری بھی دی گئی۔کالج میں داخلوں کے لیے رائج کوٹہ سسٹم میں مزید بہتری اور اسے مؤثر بنانے کی غرض سے چیئرمین بورڈ آف گورنرزنے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی۔