پشاور(نیوز رپورٹر) پشاورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے 2026-27کیلئے الیکشن کمیشن تشکیل دیدیا گیا ہے۔انتخابات 19دسمبر کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں سمیت تمام وکلاء کو بھی فیس اور بقایاجات اداکرنے کی ہدایت کی ہے۔اس ضمن میں چیئرمین الیکشن بور ڈ پشاورہائیکورٹ فضل واحد خان کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممبران میں بابرخان یوسفزئی ایڈوکیٹ، صوفیہ نورین، عثمان خان ترلندی اور سبحان اللہ ایڈوکیٹس شامل ہیں۔الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8دسمبر مقرر کی گئی ہے، ان کاغذات کی سکروٹنی 10دسمبر تک مکمل جبکہ حتمی ووٹر لسٹ 10دسمبر کو ہی تیار کی جائیگی۔ کاغذات نامزدگی 11دسمبر تک واپس لی جاسکے گی جبکہ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 11دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ نوٹیفیکیشنز کے مطابق پولنگ صبح 8سے شام4بجے تک جاری رہے گی۔ اس ضمن میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان،صوابی، کوہاٹ، خیبر، تنگی،شبقدر، تخت بھائی، چھوٹا لاہور اور کاٹلنگ میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ پشاورہائیکورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن/بورڈ کے فیصلوں اور حکم ناموں کے خلاف تین رکنی ایپلیٹ اتھارٹی قائم کی گئی ہے جن میں چیئرمین سید مبشرشاہ ایڈوکیٹ جبکہ ممبران میں نیلم خان اور نعمان الحق ایڈوکیٹس شامل ہیں۔ تمام وکلاء کو الیکشن میں ووٹ ڈالنے کیلئے 30نومبر تک ہائیکورٹ بار کے بقایاجات کلیئر کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہے جبکہ صدارتی امیدوارکو30ہزار روپے، سینئر نائب صدرامیدوار کو25ہزار، سیکرٹری جنرل 25ہزار، جائنٹ سیکرٹری 15ہزار، لائبریری سیکرٹری 15ہزار اور خزانچی اورپریس سیکرٹری بھی,15 15ہزارجبکہ ایگزیکٹیو ممبران کیلئے 10ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔