• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعمان اعجاز اور عتیقہ اوڈھو مدت کے بعد ساتھ نظر آئیں گے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز طویل عرصے  بعد ایک بار پھر عتیقہ اوڈھو  کے ساتھ اسکرین پر آنے کے لیے تیار ہیں۔

نعمان اعجاز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عتیقہ اوڈھو کے ہمراہ اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر نعمان اعجاز اور عتیقہ اوڈھو کے کسی پراجیکٹ کی لگ رہی ہے۔

اداکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں عتیقہ اوڈھو سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’کسی ایسے شخص کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے جو ناصرف ایک خوبصورت فنکار ہے بلکہ ایک خوبصورت انسان بھی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے امید ہے کہ یہ دوبارہ ملاپ اسکرین پر جادو  لائے گا۔‘

دوسری جانب عتیقہ اوڈھو نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نعمان اعجاز کے ہمراہ لی گئی اپنی سیلفی شیئر کی اور بتایا کہ ’وہ اداکار کے ساتھ نیا پراجیکٹ شروع کررہی ہیں جوکہ نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا۔‘


عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ ’نعمان اعجاز کے ساتھ کام کرنے میں ہمیشہ اتنا مزہ آتا ہے۔‘

سینئر اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ’اُن کا اور نعمان اعجاز کا یہ ڈرامہ رواں سال دسمبر میں نشر کیا جائے گا۔‘

نعمان اعجاز اور عتیقہ اوڈھو کو ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ دیکھنے کے لیے مداح پُرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ نعمان اعجاز اور عتیقہ اوڈھو نے کئی ڈراموں میں ساتھ کام کیا ہے اور ماضی میں ان کی جوڑی کو بہت پسند بھی کیا جاتا تھا۔

تازہ ترین